کراچی: جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز صلاح الدین کے مطابق کراچی سے بحرین جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز ٹیک آف کررہی تھی کہ اسی دوران جہاز سے پرندہ ٹکرا گیا۔کپتان نے ذہانت سے کام لیتے ہوئے ٹیک آف پوائنٹ پر ایمرجنسی بریک لگا کر جہاز کو روکا جس کے بعد انجینئرز نے معائنہ بھی کیا۔ پرندہ ٹکرانے کی وجہ سے جہاز کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا۔
ذرائع کے مطابق جہاز میں 300 سے زائد مسافر سوار تھے جو خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔ مسافروں نے پائلٹ کی ہوشیاری پر اُسے داد بھی دی۔ یاد رہے کہ اگر جہاز سے پرندہ ٹکرا جائے تو یہ بات کوئی معمولی نہیں ہوتی بلکہ بڑے حادثے کا سبب بنتی ہے، دنیا بھر کے ایئرپورٹس کی سول ایو ایشن انتظامیہ رن وے سے پرندوں کو دور رکھنے کے لیے برڈ شوٹر تعینات بھی کرتی ہے تاکہ جہازوں کو حادثات سے محفوظ رکھا جاسکے۔