کراچی: ابراہیم حیدری میں نجی اسکول سے متعلق انکوائری کمیٹی کی رپورٹ جاری کردی گئی ہے، کمیٹی نے اسکول کا بھی دورہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے نجی اسکول سے بچیوں کو نکالنے کے معاملے پر ان کے والد کی ویڈیو کے حوالے سے انکوائری کمیٹی نے اسکول کا دورہ کیا، انکوائری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ طالبات کے والد نے غلط بیانی کی ہے کہ بچیوں کو اسکول سے نکالا گیا.
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹیچر نے والد کو فون کیا کہ ان کی بچیاں پڑھائی پر توجہ نہیں دے رہی ہیں۔ بچیوں کے والد کو کہا گیا کہ پڑھائی نہ کرنے کی وجہ سے بچیاں فیل ہوسکتی ہیں۔
بچیوں کے والد نے اسکول میں داخل ہوکر اسٹاف سے بدتمیزی کی، کمیٹی نے بچیوں کے والد کو 4 مرتبہ فون کیا کہ وہ اپنا مؤقف پیش کریں۔
رپورٹ کے مطابق بچیوں کے والد کمیٹی کے سامنے موقف کیلئے پیش نہیں ہوئے۔ والد نے فون پر کہا کہ اسکول انتظامیہ نے مجھ سے بدتمیزی کی، انھوں نے کہا کہ اسکول انتظامیہ مجھ سے اور میرے بچوں سے معافی مانگے۔
مذکورہ اسکول انتظامیہ نے ان بچیوں کی فیس معاف کردی ہے، اسکول انتظامیہ طالبعلم سے داخلہ فیس کی مد میں فیس وصول نہیں کرتی۔