جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

شفاف بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ہماری اولین ترجیح ہے، سید قائم علی شاہ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں صاف، شفاف اور پرامن بلدیاتی انتخابات کا انعقاد سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ سندھ نے سیکرٹری بلدیات سندھ کے دفتر میں صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے قائم الیکشن مانیٹرنگ سیل کے دورے کے موقع پرکیا۔

اس موقع پر سیکرٹری بلدیات عمران عطا سومرو نے وزیر اعلیٰ سندھ کو الیکشن مانیٹرنگ سیل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور کہا کہ اس سیل میں 24 گھنٹے صوبے بھر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی مانیٹرنگ کی جائے گی اور صوبے کے کسی بھی علاقے میں کسی قسم کی بدنظمی یا شکایات کی صورت میں یہ سیل فوری طور پر متعلقہ افسران تک اس کی رپورٹ فراہم کرے گا تاکہ شکایات کا فوری ازالہ کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ اس سیل میں پولیس، رینجرز اور دیگر امن و امان کی بحالی کے اداروں کے اعلیٰ افسران کے ساتھ ساتھ محکمہ بلدیات اور حکومت سندھ کے بھی اعلیٰ افسران موجود ہوں گے اور اس سیل کو صوبے کے تمام اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کی آفس میں قائم ہونے والے الیکشن مانیٹرنگ سیل سے بھی لنک کیا گیا ہے اور یہاں وائرلیس، انٹرنیٹ سمیت تمام جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت کی اولین ترجیع صوبے میں صاف، شفاف اور پرامن بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نچلی سطح تک اختیارات کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں تین مراحل میں منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات کو صاف، شفاف اور پرامن بنانے کے لئے سندھ حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے اور سندھ حکومت کی جانب سے بنائے گئے اس الیکشن مانیٹرنگ سیل کے قیام کا مقصد بھی الیکشن کے سلسلے میں اگر کسی بھی قسم کی کوئی بدنظمی یا شکایات ہوں تو اس کا فوری ازالہ کیا جاسکے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں