کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ہونے والی بارش کے اعداد و شمار جاری کردیے گئے، سب سے زیادہ بارش گلشن حدید اور سب سے کم جناح ٹرمینل پر ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گلشن حدید میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ ہوئی، گلشن حدید میں 105 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔
کراچی کے علاقے لانڈھی میں 45.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ پی اے ایف فیصل بیس میں 13 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جناح ٹرمنل پر 11 اعشاریہ 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
خیال رہے کہ آج صبح سے شہر قائد میں بارش کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج موسلا دھار بارش برسانے والا سسٹم دوپہر کے بعد شہر میں داخل ہوگا۔
بعض علاقوں میں 150 ملی میٹر تک بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے سندھ نے صوبے بھر میں طوفانی بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے اربن فلڈنگ کے حوالے سے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔