کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، سب سے زیادہ بارش پی اے ايف فيصل بيس پر 118 ملی ميٹر اور سب سے کم پی اے ايف مسرور بيس پر 50 ملی ميٹر بارش ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسميات نے شہر قائد میں ہونے والی بارش کے اعداد و شمار جاری کرديے، محکمہ موسمیات کے مطابق صبح 8 سے دوپہر 2 بجے تک پی اے ايف فيصل بيس پر سب سے زیادہ 118 ملی ميٹر بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صدر میں 77 ملی ميٹر بارش ہوئی، ناظم آباد میں 76.6 ملی ميٹر بارش ريکارڈ کی گئی۔ گلشن حديد میں 72، موسميات پر 71.2 اور لانڈھی میں 69.5 ملی ميٹر بارش ہوئی۔
اسی طرح يونيورسٹی روڈ پر 68.8، جناح ٹرمینل پر 57.2 اور پی اے ايف مسرور بيس پر 50 ملی ميٹر بارش ہوئی۔
شہر میں ہونے والی شدید بارش نے اربن فلڈ کی صورتحال پیدا کردی ہے اور مختلف علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہے، شہر کے متعدد علاقوں میں پانی گھروں میں بھی داخل ہوگیا ہے۔