کراچی : بارش کے بعد کراچی ایئر پورٹ پر فضائی آپریشن میں تبدیلی کردی گئی، پروازوں کا رخ ہنگامی طور پر دوسرے شہروں کی جانب موڑ دیا گیا، بیرون ملک جانے والی متعدد پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کے بعد کراچی ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن بری طرح متاثر ہوگیا، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے متعدد پروازوں کا رخ دوسرے ایئرپورٹس کی طرف موڑدیا۔
اس سلسلے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے309 کو لاہور کی جانب موڑدیا گیا۔
اس کے علاوہ کوئٹہ سے کراچی آنے والی پرواز پی کے311 کو آدھے راستے سے ہی واپس کوئٹہ اترنے کی ہدایت جاری کی گئی جبکہ لاہور سے کراچی آنے والی پرواز پی کے305 بھی آدھے راستے سے لاہور واپس راوانہ کردی گئی۔
اس حوالے سے ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی سے دبئی جانے والی پرواز پی کے 213 تاخیر کا شکار ہے اور کراچی سے بیرون ملک جانے والی متعدد پروازیں بھی تاخیر سے اپنی منزل کی جانب روانہ ہوں گی۔
علاوہ ازیں کراچی میں تیزبارش کے باعث کراچی ایئرپورٹ کے انٹرنیشنل ڈیپارچر لاؤنج کی چھتیں ٹپکنے لگیں، ذرائع کے مطابق ایئر پورٹ کے دوسرےحصوں سے بھی پانی ٹپکنے کی شکایات موصول ہورہی ہیں، لاؤنج میں پانی روکنے کیلئے صفائی ستھرائی کا عملہ حرکت میں آگیا۔