کراچی: محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں مون سون کے تیسرے اسپیل کی پیش گوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بھارتی شہر گجرات میں بننے والا ڈیپ لو پریشر کی شدت سابقہ سسٹم سے قدرے کم ہے، مون سون کے تیسرے اسپیل کے تحت شہر میں ہفتے کو ہلکی اور اتوار کو درمیانی بارش ہونے کی توقع ہے جس کا سلسلہ آئندہ تین روز تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں یہ سسٹم ہفتے کی صبح داخل ہوگا اور بارش کا سلسلہ پیر تک جاری رہے گا، اتوار کے روز درمیانی بارش کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفرازکے مطابق شہر میں مون سون کے تیسرے اسپیل میں ہلکی اور تیز بارش ہونے کی توقع ہے اس سے قبل معمول سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مذکورہ سسٹم کے تحت 20 ملی میٹر بارشوں کی توقع کررہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ بارش کے سسٹم کی آمد سے قبل سمندری ہوائیں بند اور شمال مشرقی (بلوچستان) کی ہوائیں چلنے کا امکان ہے جس کی وجہ سے کراچی میں گرمی کی شدت اور درجہ حرارت بڑھ جائے گا۔
آج کا درجہ حرارت
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعے کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36.2 ڈگری جبکہ کم سے کم 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 76 جبکہ شام کو 60 فیصد رہا۔
دن بھر سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں چلیں،جس کی رفتار 35 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی۔ ہفتےکو مطلع جذوی اور مکمل ابرآلود جبکہ پارہ 34 سے 36 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔