پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

بارش کے ساتھ ہی شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل، 417 فیڈر ٹرپ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : شہر قائد میں شروع ہونے والی بارشوں کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہوگئی، بارش شروع ہوتے ہی کے الیکٹرک کے    417فیڈرٹرپ ہوگئے، تاحال بجلی کو بحال نہیں کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں شروع ہونے والی بارشوں نے کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی کا پول کھول کر رکھ دیا، کے الیکٹرک کے 417فیڈرز ٹرپ ہوگئے۔

حالیہ بارش کے بعد کراچی کے بڑے حصے میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ کے الیکٹرک نے بارشوں میں نئی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے بارش کے شروع ہوتے ہی اپنے200 سے زائد فیڈر بند کردیئے تھے۔

اس حوالے سے کے الیکٹرک ذرائع کا کہنا ہے کہ نے شہریوں کو کرنٹ سے محفوظ رکھنے کیلئے نئی حکمت عملی اپنائی گئی ہے، جس کے تحت کے الیکٹرک نے ٹرانسمیشن لائن میں ارتھنگ سسٹم بہتر کرنے کیلئے فیڈرز بند کیے۔

کراچی میں بارش کے بعد جن علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل کی گئی ہے ان میں سرجانی ٹاؤن، تیسرٹاؤن، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، ڈیفنس، سولجربازار، گلستان جوہر، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا شامل ہیں۔

اس کے علاوہ لانڈھی، کورنگی، ملیر، ماڈل کالونی، کھوکھرا پار، ماڑی پور، کیماڑی، بلدیہ، سائٹ، اورنگی ٹاؤن، گڈاپ، گلشن معمار، گلشن حدید اور اطراف کے علاقے بھی بجلی سے محروم ہیں۔ متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک انتظامیہ کے شکایتی نمبر پر بجلی کی بحالی کا کوئی وقت نہیں بتایا جارہا۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ایف بی ایریا بلاک ون، شریف آباد میں پی ایم ٹی دھماکے سے ٹرپ کرگئی، شاہ فیصل کالونی، گرین ٹاؤن، گلشن اقبال۔ گلستان جوہر میں بجلی معطل ہوگئی۔

اس کے علاوہ اسٹار گیٹ، موریہ خان گوٹھ، وائرلیس گیٹ، الفلاح ماڈل کالونی، کاظم آباد سوسائٹی، پی آئی اے سوسائٹی، نارتھ کراچی، بفرزون، شادمان ٹاؤن، گلبہار رضویہ سوسائٹی میں بجلی بند ہونے کی اطلاعات ہیں، اس کے علاوہ صدر پریڈی اسٹریٹ، ریگل اور اکبرروڈ پر کئی گھنٹوں سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں