کراچی : رینجرز کی جرائم کے خلاف تابڑ توڑ کارروائیاں جاری ہیں، پرانا گولیمار میں گینگ وار کے کمانڈر کے گھر پر چھاپہ مار کر اسلحہ، منشیات اور پونے دو کروڑ روپے برآمد کرلی، اسلحہ سیاسی جماعت کے عسکری ونگ کے استعمال میں تھا۔
کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کے گرد قانون کا گھیرا تنگ کردیا گیا ، ترجمان رینجرز کے مطابق رینجرز نے کی پرانا گولیمار میں لیاری گینگ وار کے مفرورکمانڈر ماجد سخی دادا کے گھر پر چھاپہ مارا، گھر میں موجود تین افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، چھاپے میں اسلحہ، راؤنڈز، منشیات اور تین گرینیڈ، برآمد کر لیے۔
اسلحے میں دو کلاشنکوف، ایک ماؤزر اور دو پستول شامل ہیں۔
ترجمان رینجرز کے مطابق لیاری گینگ وار کے مفرور کمانڈر کے گھر سے ایک کروڑ اکہتر لاکھ روپے ملے ہیں، مفرور ملزم کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کاسرگرم کارکن رہا ہے، ملزم ٹارگٹ کلرز اور دہشت گردوں کو پناہ دیتا تھا، مفرور کمانڈر اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری میں بھی مطلوب ہے۔
دوسری جانب رینجرز نے بلدیہ ٹاؤن میں بڑی کارروائی کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا، ترجمان رینجرز کے مطابق اسلحہ سیاسی جماعت کے عسکری ونگ کے استعمال میں تھا، اسلحہ خالی پلاٹ میں دبایا گیا تھا۔
برآمد اسلحے میں 3ایس ایم جی، تین کلاشنکوف، دو تیس بور پستول، چار ریپیٹر اور مختلف اقسام کے چھ سو چھیاسٹھ راؤنڈز شامل ہیں، رینجرز کا کہنا ہے کہ اسحلہ شہر میں بدامنی کیلئے استعمال ہونا تھا۔