کراچی: شہر قائد کے علاقے تھانہ بن قاسم کی حدود میں ایک ساتھ لوٹ مار کی 10 سے زائد وارداتیں ہوئی ہیں، جس پر علاقے کے مکینوں نے شدید احتجاج کیا۔
تفصیلات کے مطابق بن قاسم میں ایک ساتھ لوٹ مار کی دس سے زائد وارداتوں میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے شہریوں کو نقدی موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیا سے محروم کر دیا۔
متاثرین کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل سوار لٹیروں نے ایک ہی علاقے میں دس سے زائد وارداتیں کیں اور بہ آسانی فرار ہو گئے، شہری لٹ رہے ہیں اور پولیس کوئی کارروائی نہیں کر رہی ہے۔
وارداتوں کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے اور قومی شاہراہ پر دھرنے کی دھمکی بھی دی، متاثرہ شہریوں نے شاہ ٹاؤن روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے لٹیروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر ان واقعات کا تدارک نہ کیا گیا تو قومی شاہراہ پر احتجاج شروع کر دیں گے۔