کراچی: ڈاکو راج کسی بھی صورت تھمنے کا نام نہیں لے رہا ، شہر قائد میں دندناتے پھرتے ڈاکوؤں نے 2 شہریوں کی جان لے لی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈکیتی کے دو واقعے میں ڈاکوؤں نے 2 شہریوں کو قتل کردیا، ڈکیتی مزاحمت پر قتل کا پہلا واقعہ سپر ہائی وے انڈسٹریل ایریا اور دوسرا نارتھ ناظم آباد میں پیش آیا۔
واقعات کے مقدمات نارتھ ناظم آباد اور سپر ہائی وے انڈسٹریل ایریا تھانوں میں درج کرلیا گیا، نارتھ ناظم آباد واقعے کا مقدمہ مقتول کیساتھ موجود دوست کی مدعیت میں درج ہوا، مقدمہ مقتول انیس کیساتھ دوسری بائیک پر موجود علی حمزہ کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
علی حمزہ نے بتایا کہ کےڈی اے چورنگی فلائی اوور پر موٹرسائیکل سوار 2 ملزمان نے اسلحہ دکھا کر ہمیں روکا، ملزمان نے مجھے تھپڑ مارا، جیب سے موبائل فون، پرس نکال کر چابی دور پھینک دی، میں جیسے ہی چابی اٹھا کر مڑا تو دیکھا ملزمان نے انیس کو گولیاں ماریں اور فرار ہوگئے۔
دوسری جانب سپرہائی وے ایوب گوٹھ کے علاقے بے نظیر چوک کے قریب مبینہ ڈاکوؤں نے محنت کش اللہ ڈینو کو قتل کردیا، اللہ ڈینو کمسن بیٹے کے ہمراہ نیاٹی وی لیکر گھر جارہا تھا کہ راستے میں ڈاکوؤں نے روکا۔
مقدمے کے متن کے مطابق ڈاکوؤں نےاللہ ڈینو سے نقدی، موبائل فون، ٹی وی چھینا، مزاحمت پر گولی مار دی، ڈاکؤوں کی چلائی گئی گولی اللہ ڈینو کے سینے میں لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔