کراچی: ٹریفک پولیس نے سی این جی اور ایل پی جی پر چلنے والی اسکول وینز کیخلاف کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔
کراچی ٹریفک پولیس نے سی این جی اور ایل پی جی پر چلنے والی اسکول وینز کیخلاف کارروائی کا آغاز کردیا ہے، کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں خوفناک حادثات میں آگ لگنے کے باعث قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں، محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے کراچی سمیت صوبے بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ ، اسکول اور کالج کی گاڑیوں میں سی این جی اور ایل پی جی کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کی تھی۔
نوٹی فکیشن کے مطابق اسکول اور کالج کی گاڑیاں صرف پٹرول یا ڈیزل پر چلائی جاسکتی ہیں۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ہائیڈروکاربن اتھارٹی سےتصدیق شدہ سی این جی سلنڈر کی اجازت ہوگی، ٹریفک پولیس نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے ناقص سی این جی اور ایل پی جی سلینڈر پر چلنے والی متعدد اسکول وینز کو تحویل میں لےلیا ہے۔
نوٹیفکیشن پر عملدرآمد کے لیے آئی جی سندھ ،کمشنر کراچی ، سی این جی ایسوسی ایشن اور تمام متعلقہ اداروں کوبھی احکامات جاری کیے گئے ہیں۔