کراچی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے غریب آباد انڈر پاس کے قریب ڈاکوؤں نے سیکیورٹی گارڈ کو گولیاں ماردیں، مقتول واحد کا آبائی تعلق لاڑکانہ سے تھا۔
ذرائع کے مطابق مقتول نے چھ ماہ قبل ہی ہاؤسنگ سوسائٹی میں سیکیورٹی گارڈ کی نوکری شروع کی تھی۔
غریب آباد انڈر پاس کے قریب دو ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے سیکیورٹی گارڈ کو نشانہ بنایا، پولیس کے مطابق ملزمان شہریوں سے واردات کررہے تھے رینجرز اہلکاروں کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی تھی۔
ہاؤسنگ سوسائٹی کے مکینوں کا کہنا ہے کہ واقعے سے کچھ دیر قبل ہی مقتول کو تنخواہ ادا کی تھی جس پر اس نے بچوں کو عید شاپنگ پر لے جانے کا کہا تھا۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے پولیس نے تین خول برآمد کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
واضح رہے کہ رواں برس ڈاکوؤں کے ہاتھوں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 60 ہوگئی ہے۔