کراچی کے علاقے اورنگی ٹاون سے تعلق رکھنے والے بزرگ شہری مہنگائی کے ستائے عوام کے لیے مسیحا بن گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاون نمبر 5 میں ایک پیٹرول پمپ پر بزرگ شہری نے 90 کے قریب رکشہ اور موٹر سائیکل سواروں کو فی کس 700 روپے کا پیٹرول دلوا کر رقم کی ادائیگی اپنی جیب سے کی۔
لوگ بزرگ شہری کی ویڈیو بنانے لگے تو انہوں نے سختی سے منع کردیا لیکن کچھ شہریوں نے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کردی جو وائرل ہوگئی۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ معمر شخص ایک رسید تھامے ہوئے ہیں اور جس رکشے اور موٹر سائیکل میں پیٹرول بھر جاتا ہے تو وہ رسید میں ٹک کا نشان لگاتے ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ غریب افراد کے رکشے اور موٹر سائیکل میں پیٹرول ڈلوانے کے بعد بزرگ شہری چلے گئے اور ان سے کسی کا اب تک رابطہ ممکن نہیں ہوسکا ہے۔
There is no power on earth that can undo Pakistan. This is the reason 👇🏼 https://t.co/TM8lpDRgTn pic.twitter.com/Byli7LUtu8
— Ammad Yousaf (@AmmadYousaf) June 18, 2022
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تیسری مرتبہ اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے بعد سے پیٹرول 24 اور ڈیزل 59 روپے لیٹر مہنگا مل رہا ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 24.03 روپے اضافہ کیا جارہا ہے جب کہ ڈیزل پر 59.16 روپے، لائٹ ڈیزل آئل پر 39.16 روپے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 39.49 روپے فی لیٹر اضافہ کیا جارہا ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد عوام کی جانب سے حکومت پر سخت تنقید کی جارہی ہے اور سوشل میڈیا صارفین بھی میمز بنا کر حکومت پر طنز کررہے ہیں۔