ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

کراچی: سپر ہائی وے پر ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی قائم

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد میں واقع سپرہائی وےپر ہرسال کی طرح امسال بھی آٹھ سو ایکڑ پرمویشی منڈی قائم کردی گئی، رواں برس جانوروں کی قیمت میں ہوشربا اضافے کے ساتھ مویشی منڈی آنے والوں سے پارکنگ فیس کے نام پر پانچ ہزار روپے تک وصول کیےجارہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سپرہائی وے پر قائم مویشی منڈی میں گائے اور اونٹ کی داخلہ فیس 1400 جبکہ بکرے، دنبے اور بھیڑ کی 800 روپے مقرر کی گئی، انتظامیہ کی جانب سے بیوپاریوں کو مفت جگہ فراہم کی گئی تاکہ وہ سکون سے جانوروں کی خرید و فروخت کرسکیں۔

منڈی ترجمان کا کہنا ہے کہ وی آئی پی بلاکس کے علاوہ بیوپاریوں کو پہلے آئیں اور پہلے پائیں کی بنیاد پر مفت جگہ دی جا رہی ہے، مویشیوں کے لیے جگہ کی فراہمی، سیکورٹی انتظامات، مویشیوں کیلئے پینے کے پانی کا مفت انتظام کیا گیا ہے جبکہ صارفین کے لئے فری پارکنگ کی سہولت دی گئی ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے منڈی میں جانوروں کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل پر مشتمل تین ٹیمیں ہمہ وقت موجود رہیں گی جبکہ رقم کی لین دین کے لیے بینک، اےٹی ایم سروس اور امن و امان کے لیے سیکیورٹی کے خاص انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔

سپر ہائی وے پر قائم مویشی منڈی میں جانوروں کے لیے 28 بلاک بنائے گئے، جس میں سے 6 وی آئی پی اور 22جنرل بلاک ہیں اور بکرا منڈی کے لئے 2 خصوصی بلاک مختص کئے گئے ہیں۔

سہراب گوٹھ آنے والے خریداروں نے شکوہ کیا ہے کہ جانوروں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے ساتھ انتظامیہ پارکنگ اور دیگر سہولتوں کے نام پر لوٹ مار کررہی ہے۔

صارفین کے مطابق منڈی میں موٹر سائکل اور گاڑیاں پارک کرنے والوں سے 3000 سے 5000 روپے فیس وصول کی جارہی ہے، مویشی بیوپاریوں نے بھی شکایت کی ہے کہ مویشی منڈی میں جانوروں کو گاڑیوں سے اتارنے نہیں دیا جا رہا اور جگہ کی عدم دستیابی کا جواز بنا کر ناجائز طور مفت جگہ کے 40000 سے 50000 روپے مانگے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ سہراب گوٹھ سے متصل سپرہائی وے کے قریب واقع اراضی پر ہر سال انتظامیہ کی جانب سے مویشی منڈی لگائی جاتی ہے جسے ایشیا کی سب سے بڑی جانوروں کی منڈی ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

اہم ترین

انجم وہاب
انجم وہاب
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں