کراچی کے مختلف علاقوں میں احتجاجی دھرنوں کے باعث شدید ٹریفک جام ہوگیا، دفتر سے گھر جانے والے شہری رل گئے۔
تفصیلات کے مطابق اس وقت شہر قائد میں پارا چنار کے معاملے پر جگہ جگہ دھرنے جاری ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک کی صورتحال دھرم برہم ہے اور دفتری اوقات کے اختتام کے بعد گھروں کو جانے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
حسن اسکوائر، عیسیٰ نگری، عوامی مرکز، بلوچ کالونی پر بدترین ٹریفک جام کی صورتحال درپیش ہے، کورنگی ایکسپریس وے، قیوم آباد اور کورنگی ندی پر بھی ٹریفک جام ہے۔
کن علاقوں میں دھرنے ختم اور کن میں جاری ہیں؟
کورنگی روڈ، انڈسٹریل ایریا، اسٹیڈیم روڈ اور یونیورسٹی روڈ پر بھی ٹریفک کا دباؤ ہے، شارع فیصل پر عوامی مرکز، بلوچ کالونی اور نرسری پر ٹریفک جام ہے۔
دریں اثنا نمائش چورنگی پر دھرنا مظاہرین پر پولیس کے لاٹھی چارج کے بعد سولجر بازار میں کشیدگی دیکھنے میں آئی، مشتعل افراد کی جانب سے سولجر بازار میں کاروباربند کرا دیاگیا۔
سولجر بازار کی مرکزی شاہراہ پر ٹائر نذرآتش کیے گئے، علاقے میں صورتحال کشیدہ ہے، سولجر بازار نمبر 3 کے اطراف میں تمام تجارتی مراکز بند ہوگئے ہیں۔