کراچی: فائرنگ اور پُرتشدد واقعات میں پولیس اہلکار اور دو سیاسی جماعت کے کارکنان سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق ملیر جعفر طیار سوسائٹی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد عاصم اور حیدر جاں بحق ہوگئے جبکہ تیسرا حسن نامی شخص زخمی ہوا ہے۔
ایم کیو ایم کے مطابق جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کا تعلق ایم کیو ایم ملیر سیکٹر کے یونٹ 95 سے تھا۔
دوسری جانب نیو کراچی کے رہائشی فلیٹ سے سب انسپیکٹر سلیم کی تشدد زدہ نعش برآمد ہوئی ہے، مقتول ٹریفک سیکشن میں تعینات تھے اور تین شادیاں کی ہوئیں تھیں۔
قبل ازیں ناظم آباد چار نمبر سے بھی ایک شخص کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے، جس کی شناخت نہیں ہوسکی۔
اُدھر اورنگی ٹاؤن مومن آباد میں فائرنگ سے عمیر خان نامی شخص جاں بحق ہوگیا، جبکہ لانڈھی 89 میں فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔
الفلاح کے علاقے میں پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم مارا گیا جبکہ ایک ملزم گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔