منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

کراچی سے اسٹریٹ کرائم کا خاتمہ کیسے کریں؟ متعلقہ حکام نے سرجوڑ لیے

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : شہر قائد میں کافی عرصے سے لوٹ مار کا نہ رکنے والا سلسلہ تاحال جاری ہے اور مقامی پولیس اور ادارے اس صورتحال پر مکمل طور پر قابو پانے میں ناکام نظر آتے ہیں۔

اسی تناظر کے پیش نظر کراچی کے مقتدر حلقوں ذمہ داران نے بھی صورتحال کو بھانپتے ہوئے ساتھ بیٹھ کر اس مسئلے کا حل نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق کراچی میں اسٹریٹ کرائم کے معاملے پر مشیر قانون مرتضیٰ وہاب اور آئی جی سندھ غلام نبی میمن میں اہم مشاورت ہوئی ہے، جس میں اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف نئے قانون بنانے پر غور کیا گیا۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹریٹ کرمنل کے لئے تفتیشی حوالہ اور فوری ضمانت پر رہائی نہ ہونے کے بل کی منظوری زیرغور ہے۔ ملاقات میں قانونی اصلاحاتی کمیٹی کے مختلف قوانین بھی زیر غور آئے۔

اس موقع پر مشیر قانون مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ نئے قوانین میں عوام کی بہتری کو مدنظر رکھا جائے گا، پولیس حکام اور ماہرین قانون تمام پہلوؤں پر جائزہ لے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ تین کروڑ سے زائد آبادی والے شہر قائد کے باسی پھر سے ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر ہیں، شہر کراچی میں مسلح لٹیرے دندناتے پھرتے ہیں، بزرگ اور خواتین سمیت جس کو جہاں اور جب چاہتے ہیں لوٹ لیتے ہیں اور مزاحمت پر قتل کرنے سے بھی دریغ نہیں کرتے۔

اس حوالے سے معاشی ماہرین موجودہ صورت حال اور سماجی ناہمواریوں کو بھی شہر میں بڑھتے جرائم کی اہم وجوہات قرار دیتے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں