کراچی: شہر قائد میں لٹیروں سے اسکول کے بچے بھی محفوظ نہیں رہے، گلی میں کھڑے طلبہ سے موبائل فونز چھیننے کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ 3 نمبر، پٹنی محلے میں اسکول کے 2 بچوں کو لوٹ لیا گیا، یہ واردات جمعہ کو ہوئی ہے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس کو موصول ہوئی ہے۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 2 کم عمر موٹر سائیکل سوار لٹیرے آئے، اور ارد گرد کا جائزہ لیا، پھر انھوں نے طلبہ سے کچھ فاصلے پر موٹر سائیکل روکی، اور اسلحہ دکھا کر اسکول کے بچوں سے موبائل چھین لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے لٹیروں کو ڈھونڈ رہے ہیں، متاثرہ اسکول کے بچوں نے پولیس سے رابط نہیں کیا ہے۔
کراچی میں پولیس نے 8 سالہ لاپتہ بچی کو چند گھنٹے میں ڈھونڈ نکالا
ادھر لانڈھی 36 بی میں بھی کم عمر چور نے ایک شہری کی جیب سے موبائل نکالنے کی واردات کی ہے، واقعہ مٹھائی کی دکان پر رش کے دوران پیش آیا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے، پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔