کراچی : لیاری سے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والا ملزم درویش عرف ساگر گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مبطابق رینجرزاور سندھ پولیس نے انٹیلی جنس معلومات پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے لیاری سے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے ملزم درویش عرف ساگر کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان رینجرز نے بتایا کہ ملزم کے قبضے سے اسلحہ و ایمونیشن اور دستی بم برآمد ہوا، ملزم 2015 میں بی ایس اوآزاد ، 2018 میں ملزم کالعدم بی ایل اے کے کارندے فاروق بلوچ کے گروپ میں شامل ہوا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزم دیگر ساتھیوں کیساتھ کالعدم بی ایل اے اور بی ایل ایف کے کارندوں کی سہولتکاری میں ملوث رہا۔
رینجرز ترجمان نے کہا کہ ملزم بلوچ مسنگ پر سنز کی سرگرم رکن حیام بلوچ کا فرنٹ مین تھا ، حیام بلوچ کیساتھ ملکر خود کش خاتون ماہل بلوچ کی ذہن سازی اور سہولت کاری میں بھی ملوث رہا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم بلوچ عسکریت پسند تنظیموں کا علاج معالجہ کرانے اور محفوظ پناہ گاہیں مہیا کرنے میں بھی ملوث رہا جبکہ ملزم کے ساتھی بلوچستان اور کراچی میں دہشت گردی کی کاررائیوں میں ملوث ہیں۔
ملزم کے 2 ساتھی جعفر ایکسپریس ٹرین حملے میں سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں مقابلے میں ہلاک ہوچکے ہیں۔
ملزم حوالہ ہنڈی کے ذریعے رقم وصول کرکے بلوچ دہشت گرد تنظیموں کو تقسیم کرنے میں ملوث رہا ہے تاہم گرفتارملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔