کراچی: پولیس نے اسٹریٹ کرائم میں ملوث چنوں گینگ کے 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ویسٹ نے بتایا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم میں ملوث ’چنوں گینگ‘ کے 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، گرفتار ملزمان میں 5 عادی جرائم پیشہ ڈکیت ہیں۔
ایس ایس پی حفیظ الرحمان کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عبداللہ، ساجد، زاہد، انس، شان، یوسف اور اکرم کے ناموں سے ہوئی ہے، ایک ملزم مسروقہ موبائل فون، اشیا اور اسلحہ ذخیرہ کرنے والا ہے۔
حفیظ الرحمان نے بتایا کہ ایک ملزم چھینے گئے موبائل فون کے بدلے منشیات فراہم کرنے والا ہے، ملزمان اورنگی سے متصل مختلف علاقوں میں شہریوں کو لوٹتے تھے، ان سے استعمال ہونے والا 5 مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ برآمد ہوا۔
ایس ایس پی کے مطابق ملزمان سے 16 موبائل فون اور 4 موٹر سائیکلیں بھی برآمد کرلی گئی، برآمد موٹر سائیکلیں پاکستان بازار، مدینہ کالونی، پیر آباد سے چھینی گئی تھی۔
ایس پی حفیظ الرحمان نے مزید بتایا کہ ملزمان نے اتحاد ٹاؤن، مومن آباد اور مختلف علاقوں میں واردات کرنے کا انکشاف کیا ہے، ملزمان کی وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی موجود ہیں۔