23.5 C
Dublin
ہفتہ, مئی 11, 2024
اشتہار

کراچی کنگز سندھ کے شہزادے ٹورنامنٹ کا کامیاب انعقاد، کراچی کی ٹیم فاتح

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد میں جاری سندھ کے شہزادے ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں کراچی کی ٹیم نے حیدرآباد کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نیا ناظم آباد میں واقع اسٹیڈیم میں کراچی کنگز کے بینرز تلے ’سندھ کے شہزادے کرکٹ ٹورنامنٹ‘ کا فائنل میچ کراچی اور حیدرآباد کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا۔

حیدرآباد کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 140 رنز بنائے اور کراچی کو جیت کے لیے 141 رنز کا ہدف دیا۔

- Advertisement -

کراچی کی ٹیم نے مقررہ ہدف 18.5 اوورز میں پانچ وکٹوں پر حاصل کر کے فتح اپنے نام کی۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل، میئر کراچی وسیم اختر مہمان خصوصی تھے۔

تقسیم انعامات کی تقریب میں بہترین فیلڈر کا ایوارڈ حارث علی خان کو دیا گیا، کراچی کی ٹیم کے محمد سلمان مین آف دی میچ قرار پائے جبکہ بہترین بلے باز کا ایوارڈ عماد عالم کے نام رہا۔

بعد ازاں ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں کراچی کنگز کے آفیشلز اور  سی ای او محبوب عبدالرؤف نے بھی شرکت کی۔

سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم یونس خان نے کہا کہ سندھ کے نوجوانوں کو اچھا موقع ملا ہے، کراچی کے لوگ ایسے ایونٹ میں آئیں اور اسے سپورٹ کریں۔

سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم شاہد آفریدی نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد کی ٹیموں کو مبارکباد دیتا ہوں، اندرون سندھ کے بچوں میں کافی ٹیلنٹ ہے، پورے سندھ میں کرکٹ اکیڈمی ہونی چاہے، کراچی میں اس جیسا خوبصورت گراؤنڈ نہیں دیکھا۔

معروف کاروباری شخصیت عقیل کریم ڈھیڈھی نے کہا کہ کھیلوں کو فروغ ملتا رہا تو بچوں کو سہولتیں میسر ہوں گی، کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال کی کاوش کو سراہتے ہیں۔

میئر کراچی وسیم اختر نے ٹورنامنٹ کے انعقاد پر سلمان اقبال کو خصوصی مبارک باد دی۔ اُن کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے فروغ کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے، بلدیاتی حکومت اور ادارے اس طرز کے ٹورنامنٹ کے انعقاد میں اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ایسے ایونٹس دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے، اُن تمام لوگوں کا شکریہ جنہوں نے ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا، اس ایونٹ کی بدولت کراچی کے شہزادوں کا سفر سندھ تک پہنچ گیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ سندھ کے نوجوانوں کو کھیلوں کیلئے سہولتیں میسر نہیں ، نوجوان کھلاڑی ہار نہ مانیں ہم اپنی پوری کوشش کریں گے، کم وسائل کے باوجود نوجوانوں نے بہت اچھا کھیل پیش کیا۔

ٹورنامنٹ کے انعقاد کا مقصد سندھ بھر سے باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لانا تھا۔ ایونٹ میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، نوابشاہ، میرپورخاص کی ٹیمیں شامل تھیں جبکہ 75 کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں