کراچی: شہر قائد کے تین ایس ایچ اوز نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کے احکامات ہوا میں اڑا دیے، عہدے چھوڑنے کے احکامات کے باوجود تینوں افسران عہدوں پر بدستور قابض ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق شہر قائد میں 3 ٹیکنیکل پولیس اسٹیشنز پر افسران غیر قانونی طور پر ایس ایچ او شپ کے عہدوں پر قابض ہیں، جب کہ ایڈیشنل آئی جی نے مذکورہ ایس ایچ اوز کو عہدہ چھوڑ کر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انسپکٹر کنبھو خان مری ایس ایچ او مائنز اینڈ منرلز کے عہدے پر تعینات ہیں، انسپکٹر سرفراز علی ککیانی ایس ایچ او سوئی سدرن گیس کمپنی کے عہدے پر براجمان، جب کہ سب انسپکٹر اقبال احمد خان ایس ایچ او سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے عہدے پر موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق تینوں ایس ایچ اوز عہدے کے لیے دیے گئے انٹرویو اور تحریری امتحان میں نااہل ثابت ہوئے تھے، ایڈیشنل آئی جی نے تینوں ایس ایچ اوز کو عہدہ چھوڑ کر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی تھی۔
تینوں ایس ایچ اوز انتہائی با اثر بتائے جاتے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ کنبھو خان مری 10 سال سے ایس ایچ او مائنز اینڈ منرلز کے عہدے پر قابض ہے۔