کراچی : ملک بھر میں شدید سردی کی لہر جاری ، کراچی میں آج رات درجہ حرارت7ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے ، جبکہ کوئٹہ میں پارہ منفی دس تک گرسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں میں سرداورخشک موسم کی لہر برقرارہے، کوئٹہ کی سردی نے کراچی میں رنگ دکھایا اور کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت8.6ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے کراچی میں مزید سردی کی پیشگوئی کردی ہے ، آج رات کراچی کا درجہ حرارت7ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب بلوچستان میں شدید سردی نے عوام کو ٹھٹھرا دیا، کوئٹہ میں موسم آج بھی شدید سرد رہے گا، کوئٹہ اور قلات میں پارہ منفی دس تک گر گیا، دالبندین، دیر، اسکردو میں منفی پانچ ڈگری سینٹی گریڈ ہوگیا جبکہ گلگت کا پارہ منفی چار ڈگری تک جا پہنچا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان والے ہوشیار ہوجائیں، اگلے بارہ گھنٹے کے دوران شدید سرد ہواؤں کا بسیرا ہوگا۔
مزید پڑھیں : بلوچستان میں سردی کا 31 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا
پنجاب میں بھی جاڑا زوروں پر ہے، لاہور کا درجہ حرارت تین اور اسلام آباد کا دو ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
آئندہ 24گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بلوچستان میں شدید سرد رہے گا، پنجاب کے بعض میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح کے اوقات میں ہلکی دھند پڑنے کا امکان ہے۔