کراچی : شہر قائد میں دو دن کی شدید گرمی کے بعد سمندری ہوائیں چلنے کے ساتھ ہی درجہ حرارت میں کمی آگئی، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38ڈگری سینٹی گریڈ پہنچنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق گرمی سے نڈھال کراچی والوں نے سکھ کا سانس لیا، کراچی میں سمندری ہوائیں چل پڑیں، جس سے گرمی کا زور ٹوٹنے کا امکان ہے جبکہ درجہ حرارت38ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹےسمندری ہوائیں چلتی رہیں گی، کراچی میں کم سےکم درجہ حرارت ستائیس اور زیادہ سے زیادہ38 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
کراچی کا موجودہ درجہ حرارت32ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کا تناسب 51فیصد ہے۔
بلوچستان اور اندرون سندھ کے علاقوں میں موسم شدید گرم اورخشک رہے گا، حیدرآباد میں پینتالیس اور سکھرمیں چوالیس ڈگری تک پارہ چڑھا رہے گا جبکہ بلوچستان میں گرم ہوائیں چلتی رہیں گی، تربت میں چھیالیس ڈگری کے ساتھ شدید گرمی کا امکان ہے۔
یاد رہے جمعرات کو کراچی کا درجہ حرارت 44 ڈگری تک جا پہنچا تھا ، جس کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم ملک میں داخل اور اس کے زیر اثر چند مقامات پر بارش کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، اس دوران پنجاب میں کہیں کہیں خاطر خواہ بارش ژالہ باری کے قوی امکانات ہیں۔
مرطوب ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے، جو آج صبح سے پنجاب کے بیشتر حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا اور 9 مئی تک جاری رہے گا جبکہ آج اور کل بیشتر بالائی علاقوں جن میں مری، اسلام آباد، راولپنڈی، گجرانوالہ، سرگودھا، لاہور ڈویژن میں اور وسطی علاقوں جن میں فیصل آباد، ساہیوال، اوکاڑہ، بھکر میں کہیں کہیں اور جنوبی پنجاب میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
خیبر پختونخواہ کے بالائی اور وسطی علاقوں میں کہیں کہیں اور جنوبی علاقوں میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
گزشتہ روز ملک میں سب سےزیادہ گرمی تربت اور مٹھی میں چھیالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران کراچی ،حیدرآباد ، سکھر اور تربت سمیت ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم شدید گرم رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، راولپنڈی ،گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، اسلام آباد، بالائی فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ظاہرکیا ہے جبکہ ملتان، فیصل آباد اور ساہیوال میں گردآلود ہوائیں اور آندھی بھی متوقع ہے۔