کراچی: قومی ٹیم کے اسپنر نعمان علی کا کہنا ہے کہ پچ آنے والے دنوں میں مزید سلو ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی ٹیسٹ کے دوسرے دن کا کھیل اختتام پزیر ہونے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے اسپنر نعمان علی نے کہا کہ بولرز کو استعمال کرنے کا پلان کپتان کا ہوتا ہے ، کراچی ٹیسٹ میں کپتان اور کوچ کی پلاننگ بہتر رہی۔
انہوں نے کہا کہ تیسرے ٹیسٹ میچ میں موقع ملا تو اپنی کارکردگی دکھادی، اس کی بڑی وجہ یہ تھی کہ ہم نے اپنے پلان کے مطابق کام کیا، جس میں ہمیں کامیابی ملی۔
پریس کانفرنس میں نعمان علی کا کہنا تھا کہ پچ آنے والے دنوں میں مزید سلو ہوگی، اگر ہم 200 سے زائد رنزکا ہدف دے دیں تو میچ جیتنے کا اچھا موقع بن سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی ٹیسٹ: انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 354 رنز بنا کرآؤٹ
واضح رہے کہ کراچی ٹیسٹ کے دوسرے روز انگلینڈ ٹیم پہلی اننگز میں 354 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی ہے، اسپنر نعمان علی اور ابرار احمد نے 4، چار وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل پاکستان اپنی پہلی اننگز میں 304 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی تھی، مہمان ٹیم کو پاکستان پر 50 رنز کی سبقت حاصل ہے۔
واضح رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں انگلینڈ کو 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔