بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

کاروباری اوقات ، کراچی کے تاجروں کا سندھ حکومت سے بڑا مطالبہ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : تاجروں نے سندھ حکومت سے ہفتہ میں دو کے بجائے ایک دن کاروبار بند کرنے اور کاروباری اوقات بھی تبدیل کرنے کا مطالبہ کردیا اور کہا ایس او پیز کے تحت ہفتے میں 6 روز کاروبار کرنے کی اجازت دی جائے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو کی زیرِ صدارت کراچی کے تاجروں کا اجلاس ہوا، جس میں سیکریٹری صنعت و تجارت ریاض الدین، سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین جمیل احمد پراچہ، آل سٹی تاجر کے صدر محمد شرجیل گوپلانی ، آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر اور کراچی سندھ تاجر تحاد کے حبیب شیخ دیگر تاجر تنظیموں کے عہدیداران موجود تھے۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے تجارتی مراکز بند کرنے کے معاملے پر کراچی کے تاجروں کا ہفتہ میں دو کے بجائے ایک دن کاروبار بند کرنے اور کاروباری اوقات بھی تبدیل کرنے کا مطالبہ کردیا۔

تاجر وفد نے کہا تجارتی مراکز میں کاروبار کرنے کے اوقات صبح دس سے رات دس بجے تک کی جائے جبکہ کاروباری اوقات دوپہر 12 بجے سے رات 12 بجے تک کرنے کی بھی تجویز دی گئی۔

صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پیشِ نظر ایس او پیز پر عمل سب کے لئے ضروری ہے ، تاجر برادری حکومت سندھ کے ساتھ تعاون کرے، انسانی زندگیاں سب سے قیمتی ہیں، عوام حکومت سندھ اور تاجر برادری کے ساتھ تعاون کریں، احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہوکر ہی ہم کورونا وائرس سے نمٹ سکتے ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت تاجروں کے مسائل سے بخوبی واقف ہے، ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے عائد کئے جائیں گے اور این سی او سی کی ہدایت ہے کہ ڈسٹرکٹ ایسٹ کو مکمل طور پر سیل کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی صورتحال سے متاثرہ تاجروں کو سندھ بینک کے ذریعے آسان شرائط پر قرضے فراہم کئے جائیں گے، پیر کو کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں تاجروں کے مطالبات وزیر اعلیٰ سندھ کے سامنے رکھوں گا۔

شرجیل گوپلانی تاجر راہنما نے کہا تاجر برادری حکومت سندھ کے ساتھ ہر سطح پر تعاون کرے گی، یکم مئی کوکراچی کی تمام مارکیٹیں معمول کے مطابق کھلیں گی، جمعہ اوراتواردودن تعطیل کی وجہ سے یکم مئی یوم مزدوروالے دن بھی یومیہ اجرت والے مزدوروں کی روزگار کے لیئے مارکیٹیں کھلی رہیں گی۔

وفد نے صوبائی وزیر اکرام اللہ دھاریجو کو تاجروں کے خلاف ضلعی انتظامیہ کی کاروائیوں پر تحفظات سے بھی آگاہ کیا ، شیخ حبیب کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر کی سنگینی کا بخوبی اندازہ ہے، کراچی کے تجارتی مراکز میں لاکھوں لوگوں کا روزگار وابستہ ہے، ایس او پیز کے تحت ہفتے میں 6 روز کاروبار کرنے کی اجازت دی جائے اور تاجروں کے خلاف غیر قانونی جرمانوں سے ضلعی انتظامیہ کو روکا جائے۔

اہم ترین

انجم وہاب
انجم وہاب
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں