کراچی: شہر قائد کی تاجر برادری نے ہفتے میں دو دن مارکیٹیں بند کرنے سے انکار کرتے ہوئے نئی شرط عائد کردی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق آل کراچی تاجر الائنس کے تاجر رہنماؤں نے ہفتے میں دو دن کاروبار بند کرنے کے حکومتی فیصلے کو بقیہ پانچ دن چوبیس گھنٹے کاروبار کھولنے سے مشروط کردیا۔
آل کراچی تاجر الائنس کے تاجروں نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ اگر دکانیں رات آٹھ بجے بند کروانی ہیں تو پھر ہفتے میں ایک تعطیل ہوگی۔
کراچی تاجر الائنس کے چیئرمین حکیم شاہ نے کہا کہ مارکیٹیں بند ہونے سے یومیہ چار ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے، اربوں روپے کا نقصان صرف تاجروں کا نہیں معیشت کا نقصان ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی: موبائل مارکیٹ سیل ہونے پر دکان دار مشتعل
تاجروں نے مطالبہ کیا کہ حکومت لاک ڈاؤن کے بجائے ویکسینیشن کے عمل کو تیز کرے۔
آل سٹی تاجر اتحاد کے صدر حماد پونا والا کا کہنا تھا کہ رات آٹھ بجے دکانیں بند کرنے اور ہفتے میں دو دن چھٹی منظور نہیں ہے سندھ حکومت اس پر نظرثانی کرے۔
تاجر رہنما الیاس میمن کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال بھی کورونا وائرس کی وجہ سے مارکیٹوں کی بندش سے تاجروں کا اربوں روپے کا نقصان ہوا تھا۔
تاجروں نے وزیراعلیٰ سندھ سے اپیل کی کہ شاپنگ مالز اور مارکیٹوں کو وقت کی پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔