کراچی: جشن آزادی کے موقع پر کراچی میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا، ہزاروں لوگ پھنس گئے، گاڑیاں رانگ وے سفر کرتی رہیں، جگہ جگہ لڑکے رقص کرتے نظر آئے، ٹریفک پولیس سڑکوں سے غائب ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق جشن آزادی کے موقع پر ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک پلان نہیں بنایا گیا نہ ہی شاہراہوں پر ٹریفک پولیس کہیں نظر آئی جس کے سبب شہر میں ٹریفک جام رہا، مزار قائد کے اطراف لاکھوں گاڑیاں گھنٹوں پھنسی رہیں۔
ٹریفک جام سے مزار قائد کے چاروں اطراف، تین ہٹی، گرومندر، لسبیلہ، گولیمار، کھاررا در، میٹھادر، ایم اے جناح روڈ نمائش ، گارڈن، گرومندر، سولجر بازار اور جہانگیر روڈ سمیت دیگر شدید متاثر ہوئے۔
اس موقع پر متعدد جماعتوں کی جانب سے نکالی گئی ریلیوں نے بھی ٹریفک جام میں بڑا کردار ادا کیا، کچھ جگہوں پر ٹریفک جام ہوتے ہی گاڑیوں سے لوگ باہر نکل کر رقص کرنے لگے، کچھ سڑکوں پر گاڑیاں رانگ وے آنے سے گاڑیاں آمنے سامنے آگئیں جس سے دونوں اطراف کی گاڑیاں پھنس کر رہی گئیں۔
لوگوں کے مطابق ٹریفک جام سے پریشانی کا سامنا رہا جسے ختم کرنے کے لیے ٹریفک پولیس کہیں نظر نہ آئی اور نہ انہیں کوئی رہنمائی مل سکی کہ کس طرف جائیں۔
سڑکوں پر گزرنے والے گاڑیوں پر پرچم لگے ہوئے تھے، موٹر سائیکلوں پر نوجوان جھنڈے تھامے اور باجے بجاتے ہوئے نظر آئے، کچھ نے اپنی موٹر سائیکلوں کے سائیلنسر نکالے ہوئے تھے اور بائیک کو ریس دے دے دکر انہوں نے آسمان سر پر اٹھایا ہوا تھا۔