The news is by your side.

کراچی، ٹریفک پولیس اہلکار نے ’سائیکل سوار‘ کا چالان کردیا، ویڈیو وائرل

کراچی: شہر قائد میں ٹریفک پولیس اہلکار نے سائیکل سوار کا چالان کردیا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے کلفٹن میں ٹریفک پولیس اہلکار نے رانگ وے آنے پرغریب سائیکل سوار محمد اقبال عابد ولد محمد بخش نامی شہری کا  520 روپے کا چالان کردیا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹریفک اہلکار کی جانب سے سائیکل سوار کو رسید تھمائی گئی ہے جس پر 520 روپے کا چالان نمایاں طور پر دکھائی دے رہا ہے۔

سائیکل سوار ٹریفک اہلکار سے معافی مانگ کر اپنی غلطی بھی تسلیم کررہا ہے لیکن اہلکار نے اس کا شناختی کارڈ اپنے پاس رکھ لیتا ہے اور کہتا ہے کہ غلطی کیسے ہوگئی یہ لو چالان اور اب غلطی نہ کرنا۔

میرے پاس تو آٹا خریدنے کے پیسے نہیں ہیں، چالان کہاں سے بھروں گا

سائیکل سوار کی دہائی

سائیکل سوار کا کہنا تھا کہ میرے پاس تو آٹا خریدنے کے پیسے نہیں ہیں، چالان کہاں سے بھروں گا۔

آئی جی سندھ نے کلفٹن میں رانگ وے آنے والے سائیکل سوار کے چالان کی ویڈیو وائرل ہونے پر نوٹس لے لیا اور ڈی آئی جی ٹریفک کو انکوائری کی ہدایت کردی، آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ کرونا کے باعث پیدا معاشی پریشانیوں کو ذہن میں رکھیں۔

واضح رہے کہ پولیس اہلکاروں کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کھلم کھلا کی جاتی ہے اور عوام کی جانب سے رانگ وے جانے پر ان کے خلاف بھاری بھرکم چالان کیے جاتے ہیں۔

اس سے قبل صفورا گوٹھ میں پولیس موبائل رانگ وے جارہی تھی جس پر شہری نے ویڈیو بنائی تھی تو پولیس اہلکاروں نے نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا تھا جس پر اعلیٰ حکام نے ایکشن لیتے ہوئے اہلکاروں کو معطل کردیا تھا۔

Comments

یہ بھی پڑھیں