اتوار, دسمبر 22, 2024
اشتہار

ویڈیو رپورٹ: کراچی میں‌ ٹریفک سائنز کی غیر موجودگی حادثات کا بڑا سبب

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی میں سڑکوں پر ٹریفک سائن کیوں نظر نہیں آتے؟ جب کہ ٹریفک سائنز کی غیر موجودگی حادثات کا ایک بڑا سبب ہے اور اس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے۔

اس وقت شہر کراچی کی صورت حال یہ ہے کہ شہر میں سڑکوں کا جال 10 ہزار کلو میٹرتک پھیلاہوا ہے، لیکن زیادہ تر شاہراہوں اور سڑکوں پر ڈرائیور حضرات کی رہنمائی کے لیے ٹریفک سائنز کا نام و نشان ہی موجود نہیں ہے۔

کراچی میں ٹریفک سائن بھی چوروں سے محفوظ نہیں رہے ہیں، ایگزیکٹو انجینئر ٹریفک بیورو رضا حسین نے بتایا کہ کراچی کی کئی سڑکوں پر ٹریفک سائنز لگائے گئے لیکن وہ چوری ہو گئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ رانگ سائیڈ ون وے اور دوسرے سائنز سڑکوں سے غائب ہیں۔

- Advertisement -

نجی گاڑیاں

کراچی وہ شہر تھا جہاں بسیں، سرکلر ریلوے اور ٹرام چلا کرتی تھی، مگر وقت کے ساتھ ساتھ شہر بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کی عدم موجودگی کی بنا پر شہریوں کی بڑی تعداد نے اپنی ذاتی گاڑیاں اور موٹر سائکلیں خرید لیں۔ ایک اندازے کے مطابق شہر بھر میں 80 لاکھ کے قریب لوگوں کے پاس ذاتی گاڑیاں ہیں، اور 60 لاکھ موٹر سائیکلیں چل رہی ہیں، کراچی میں آبادی کے پھیلاؤ اور نجی سواریوں میں غیر معمولی اضافے سے شہر میں ٹریفک کا رش اور فضائی معیار بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ کراچی کے کچھ علاقوں میں سائن بورڈ ضرور موجود ہیں مگر بیش تر پر اشتہارات چسپاں ہیں۔

کراچی میں ایک زمانے تک تمام شاہراہوں اور سڑکوں پر ٹریفک سائن ہوتے تھے، بدقسمتی سے وقت کے ساتھ ساتھ کراچی کی تباہی میں ٹریفک سائنز بھی سڑکوں پر سے غائب ہوتے گئے، اس صورت حال میں ڈرائیور حضرات کی رہنمائی کے لیے سڑکوں پر ٹریفک سائن سمیت تمام لوازمات کا ہونا ضروری ہے۔

روڈ سیفٹی

روڈ سیفٹی سے عوام کی جان و مال کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ اس کے لیے سب سے بڑی ذمہ داری شہری حکومت پر عائد ہوتی ہے، کہ وہ حادثات سے بچاؤ کے لیے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے، جس میں ٹریفک سائن کا لگنا، سڑکوں پر لین کا ہونا، اور ٹریفک سگنل بہت ضروری ہیں۔

مگر شہر بھر میں ایسا کچھ بھی دیکھنے کو نہیں ملتا، خاص طور پر آج کے دور میں جب آبادی میں بہت زیادہ اضافے اور قوت خرید بڑھنے کی وجہ سے سڑکوں پر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کا سیلاب نظر آتا ہے۔ اس امر کی اشد ضرورت ہے کہ ہم سب مل کر روڈ سیفٹی کے حوالے سے اپنی ذمہ داری ادا کریں۔

اکثر ڈرائیور شکوے کرتے دکھائی دیتے ہیں کہ شہر کراچی میں کئی بڑی ون وے شاہراہوں اور سڑکوں پر کسی بھی قسم کے سائن بورڈ موجود نہیں ہیں، جو ڈرائیور کی رہنمائی کر سکیں، ان سائنز کی غیر موجودگی روزانہ کئی حادثات کو جنم دے رہی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں بڑھتی ہوئی بے ہنگم ٹریفک میں حادثات سے بچاؤ اور ڈرائیورز کی رہنمائی کے لیے ٹریفک سائن ضروری ہیں۔

Comments

اہم ترین

ندیم جعفر
ندیم جعفر
ندیم جعفر اے آر وائی نیوز سے وابستہ ایک ممتاز صحافی ہیں جو کہ مختلف سماجی اور سیاسی موضوعات پر رپورٹنگ کرتے ہیں۔ ندیم کراچی یونیورسٹی سے ماس کمیونیکیشن میں ماسٹر کی ڈگری اور آسٹریلیا کے ایک باوقار ادارے سے ایڈوانس سرٹیفیکیشن کے حامل ہیں۔

مزید خبریں