کراچی میں ٹریفک حادثات تھم نہ سکے، بابر کانٹا مانسہرہ کالونی کے قریب واٹر ٹینکر نے ایک اور موٹر سائیکل سوار کی جان لے لی۔
ٹریفک حادثے کی ویڈیو اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار بہت دیر تک واٹر ٹینکر کے نیچے پھنسا رہا۔
حادثے کے فوراً بعد مشتعل شہری جمع ہوئے تو ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جبکہ شہریوں اور ریسکیو اہلکاروں نے مل کر لاش کو واٹر ٹینکر کے نیچے سے نکالا۔
یہ بھی پڑھیں: 3 ہفتے سے لاپتہ خاتون کی لاش واٹر سپلائی لائن سے مل گئی
مشتعل شہریوں نے احتجاجاً واٹر ٹینکر کے وال کھول کر پانی سڑک پر ضائع کر دیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ 32 سال کے نامعلوم شخص کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جس کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے۔
واٹر ٹینکر اور جاں بحق شہری کی موٹر سائیکل تھانے منتقل کر دی گئی۔ پولیس کے مطابق ڈرائیور کی گرفتاری کیلیے کوششیں کر رہے ہیں۔
20 فروری 2025 کو کراچی کے علاقے بفر زون میں افسوسنک واقعہ پیش آیا تھا جہاں واٹر ٹینکر کے نیچے آکر بچہ جاں بحق ہوگیا تھا۔
واقعہ کے بی آر سوسائٹی میں آیا تھا جس کے بعد علاقہ مکینوں نے واٹر ٹینکر اور ڈرائیور کو گھیر لیا تھا جبکہ پولیس اطلاع ملنے پر پہنچ گئی تھی۔
پولیس حکام نے بتایا تھا کہ واٹر ٹینکر گھر میں پانی ڈالنے کے بعد واپس جا رہا تھا کہ اس دوران علاقے کا رہائشی بچہ اس کے نوزل سے پانی بھر رہا تھا۔
انہوں نے بتایا تھا کہ ٹینکر ریورس ہوا تو بچہ اس کی زد میں آگیا، ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔