کراچی: پیٹرول مصنوعات کی قیمتیں بڑھتے ہی ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں بھی اضافہ کر دیا۔
مہنگی بجلی کے ستائے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ان پر پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرکے مہنگائی کا بم گرادیا گیا ہے۔
پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے بعد ٹرانسپوٹرز نے کرایوں میں من مانی اضافہ کردیا ہے، ٹرانسپورٹرز نے بس،کوچز کے کرایوں میں 20 سے 30 روپے اضافہ کر دیا ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ
واضح رہے کہ ملک میں گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کیا گیا تھا۔
پیٹرول 14 روپے91 پیسے جبکہ ڈیزل 18روپے 44 پیسے مہنگا کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 305.36 جبکہ ڈیزل کی قیمت 311.84 روپے ہوگئی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات میں ایک ماہ سے بھی کم وقت میں یکے بعد دیگرے دوسری مرتبہ اضافے سے ہوشربا مہنگائی میں مزید اضافے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
اس کے علاوہ روپے کی قدر میں مسلسل کمی کی وجہ سے اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ نگران حکومت کو آئے ابھی ایک ماہ کا بھی عرصہ نہیں ہوا لیکن اس کے باوجود لگاتار دوسری مرتبہ قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اور اس عرصے میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35 روپے فی لیٹر کا اضافہ ہو چکا ہے۔
اس سے قبل 16 اگست کو بھی نگران حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں بالترتیب 17 روپے 50 پیسے اور 20 روپے کا اضافہ کردیا تھا۔