کراچی: کوسٹ گارڈ نے پسنی میں کارروائی کرتے ہوئے 3 ارب 11 کروڑ روپے مالیت کی منشیات برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پاکستان کوسٹ گارڈ کے ترجمان کے مطابق اطلاع ملی کہ بلوچستان سے کراچی منشیات کی بڑی کھیپ اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس پر کوسٹ گارڈ کی ٹیم نے بدوک چیک پوسٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ٹرک کو اپنے قبضے میں کرلیا۔
ترجمان کے مطابق ٹرک کے خفیہ خانوں کی تلاشی لی گئی تو اس میں سے بہت بڑی مقدار میں منشیات برآمد ہوئی جس کا وزن 2600 کلو گرام ہے۔
اطلاعات کے مطابق پکڑی گئی 2600 کلو گرام اس منشیات کی عالمی منڈی میں قیمت 3 ارب 11 کروڑ روپے بتائی جارہی ہے۔
کوسٹ گارڈ نے گرفتار دو ملزمان سے تفتیش شروع کردی ہے۔