کراچی : ہارون آباد میں مسلح افراد کی کی فائرنگ سے 2 بھائی جاں بحق اور 3 شدید زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سائٹ ایریا ہارون آباد میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ، جہاں مسلح افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دو بھائی جاں بحق اور تین شدید زخمی ہوگئے۔
پولیس نے کہا کہ گھر میں فائرنگ کا واقعہ ذاتی جھگڑے کے دوران پیش آیا، فائرنگ سےجاں بحق اور زخمی بھائیوں کی شناخت ہوگئی، اسداللہ،سمیع اللہ جاں بحق جبکہ امیرعبداللہ اور اکرم اللہ زخمی ہوئے۔
تاہم اہلخانہ نے پولیس کو بیان دیا کہ مسلح ملزمان نےگھرمیں گھس کرفائرنگ کی، گولیاں لگنے سے اسد اللہ اور سمیع اللہ موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ اکرام اللہ، شفیع اللہ اور امیر عبداللہ زخمی ہوگئے تاہم لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ زخمیوں کےبیانات میں تضادہے، پہلےبھائیوں کےدرمیان آپس کا جھگڑا کا معلوم ہوا، اب کہہ رہے ہیں باہر سے لوگ آئے تھے جو فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے۔
زخمی بھائی شفیع اللہ نے بیان میں کہا کہ جاں بحق اور زخمی تمام بھائی سرکاری ملازم ہیں، 4 سے 5 مسلح افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کی۔
شفیع اللہ کا مزید بتانا تھا کہ ملزمان نےگھرسےکوئی چیز نہیں لوٹی،کسی سے دشمنی نہیں، ہمارا آبائی تعلق گمبٹ سے ہے۔