کراچی کے علاقے گارڈن ویسٹ کے علاقے سے دو بچے لاپتہ ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ والدین نے گارڈن تھانے میں مقدمہ درج کروایا ہے، بچے دو روز قبل دوپہر 12 بجے گھر سے کھیلنے باہر نکلے تھے کہ لاپتہ ہوگئے۔
لاپتہ ہونے والے بچوں میں 5 سال کا عالیان اور 6 سال کا علی شامل ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچوں کی تلاش شروع کردی گئی ہے لیکن فوری طور پر کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی ہے۔
پولیس کا کہان ہے کہ دونوں بچے ایک ہی محلے کے رہائشی ہیں، بچوں کو مختلف مقامات پر ڈھونڈنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے نارتھ کراچی سے اغوا ہونے والے 7 سالہ بچے صارم کو ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود پولیس بازیاب نہیں کرواسکی ہے۔
تفتیش میں پیش رفت نہ ہونے پر اہلخانہ نے مایوس ہو کر ایس ایس پی سینٹرل کے آفس کےسامنے احتجاج کیا، شدت غم سے نڈھال والدہ کا کہنا ہے کہ نجانے میرا بچہ کس حال میں ہوگا۔
والد نے بھی شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ پولیس باتیں تو کر رہی ہے لیکن عملی طور پر کچھ نہیں ہورہا۔
معصوم بچے کے والدین نے حکام بالا اور سیکیورٹی اداروں سے اپیل ہےکہ صارم کوجلد سے جلد تلاش کیا جائے۔
اس سے قبل گورنر سندھ نے 7 سالہ صارم کی گمشدگی کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی سینٹرل زیشان صدیقی سے رابطہ کیا تھا، گورنر نے بچے کی گمشدگی کے واقعے پر بریفنگ لی، ایس ایس پی سینٹرل نے بتایا تھا کہ بچے کے والدین کو مدرسے کے مؤذن پر شک ہے۔
کامران ٹیسوری نے بچے کے والد سے واقعے کی پوری تفصیلات معلوم کیں اور بچے کے والدین کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
یاد رہے 7 جنوری کو صارم اپنے ہی فلیٹ سے لاپتہ ہوا تھا، جو بھائی کے ہمراہ اپارٹمنٹ میں موجود مسجد کے مدرسے میں پڑھنے گیا تھا جس کے بعد بڑا بھائی گھر آٓگیا لیکن صارم نہ آیا۔