کراچی : پانی کی لائن ڈالنے پر لڑائی کے دوران فائرنگ سے دو افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے تاہم پولیس نے فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی خیرآباد میں پانی کی لائن بچھانے پر دو گروپوں میں جھگڑا ہوا، جس میں گولیاں چل گئیں۔
منگو پیر جانے والے روڈ پر دونوں گروپوں کی جانب سے ایک دوسرے پر ڈنڈے برسائے گئے، جس کے بعد ایک طرف سے فائرنگ شروع ہوگئی۔
گولی لگنے سے خان محمد اور پانی خان نامی دو نوجوان جاں بحق ہوگئے، عینی شاہدین نے بتایا کہ فائرنگ کی زدمیں آکر راہگیر سمیت تین افرادزخمی ہوئے
پولیس نے فائرنگ کرنے والے ملزم ظفر کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا اور لاشوں اور زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔