کراچی : رینجرز کے اہلکاروں نے شیخ زید اسلامک سینٹر میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا دہشت گرد یونیورسٹی کے اندر داخل ہونا چاہتے تھے، ناکامی پر کریکر پھینک دیا جس سے رینجرز اہلکار زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک بار پھر شر پسند عناصر سرگرم ہوگئے، شہر قائد میں تخریب کاروں کی جانب سے وارداتوں میں اضافہ ہونے لگا۔
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جامعہ کراچی کے باہر کریکر حملے میں رینجرز کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا ہے، نامعلوم افراد کریکر پھینک کر فرار ہوگئے۔ دہشت گرد یونیورسٹی کے اندر پہنچ کر بڑی واردات کرکے نقصان پہنچانا چاہتے تھے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کا عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا، اس موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری تعداد نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا تھا۔ ابتدائی تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق دہشت گرد یونیورسٹی کے اندر داخل ہونا چاہتے تھے، ہاتھوں میں کریکر تھامے دہشت گردوں نے پہلے اندر داخل ہونے کی کوشش کی، سیکیورٹی پر مامور رینجرز اہلکار نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشت گرد کو باہر کی جانب دھکا دے دیا۔
مزاحمت ہوتا دیکھ کر دہشت گرد نے کریکر دروازے پر پھینکا اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، پولیس کے مطابق مرکزی دروازہ بند ہونے کی وجہ سے دھماکے کی نوعیت کم ہوگئی تاہم رینجرز اہلکار کو زخم آئے جسے فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کراچی کے علاقے بلاول چورنگی کے قریب نامعلوم افراد غیر ملکی شخص کی گاڑی پر مشکوک چیز لگا کر فرار ہوگئے تھے، واقعے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کو فوری طور پر طلب کیا گیا۔
مزید پڑھیں : نامعلوم افراد بلاول چورنگی کے قریب مشکوک چیز پھینک کر فرار
بعد ازاں غیر ملکی گاڑی پر لگی ڈیوائس کو بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنادیا، حکام کے مطابق ریموٹ کنٹرول ڈیوائس مقناطیس کی مدد سے گاڑی پرچپکائی گئی تھی، میگنیٹ ڈیوائس لگانے والے ملزمان ممکنہ طور پر موٹر سائیکل پر سوار تھے، جو ڈیوائس گاڑی پر لگانے کے بعد فرار ہوگئے۔