کراچی: جامعہ کراچی میں غیر ملکی طالبہ نے ہاسٹل میں ہراساں کیے جانے کے واقعے کا مقدمہ درج کرادیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق جامعہ کراچی کے ہاسٹل میں مقیم غیرملکی طالبہ نے مبینہ ٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج کرنے کے لیے درخواست جمع کرائی۔
درخواست کے متن نے طالبہ نے لکھا کہ ’میں ہاسٹل کے واش روم میں گئی تو وہاں اچانک ایک لڑکا آگیا، اُس نے منہ پر ہاتھ رکھا مگر میں زور سے چلائی تو دوست وہاں پہنچی جس پر وہ وہاں سے بھاگ گیا‘۔ طالبہ کے مطابق میں نے سیکیورٹی گارڈ کے ساتھ مل کر لڑکے کو تلاش کرنے کی کوشش بھی کی مگر وہ نہیں ملا۔
پولیس حکام کے مطابق مدعیہ جامعہ کراچی کی طالبعلم نہیں ہے، وہ اپنی دوست سے ملنے کراچی یونیورسٹی کے ہاسٹل آئی ہوئی تھی۔
اس معاملے پر جامعہ کراچی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہاسٹل میں صرف غیرملکی طالبہ کو رہنے کی اجازت ہے، وہاں کسی مرد کا جانا ممکن نہیں ہے، طالبہ کےالزام پر انتظامیہ اورپولیس تحقیقات کریں گے۔