کراچی: شہر قائد میں واٹر بورڈ کی مین لائنوں پر دھات کی پلیٹیں لگا کر پانی چوری کرنے کا انکشاف ہوا ہے، نارتھ کراچی کی مین لائنوں سے پانی چوری کیا جانے لگا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں واٹر بورڈ کی مین لائنوں پر دھات کی پلیٹیں لگا کر پانی چوری کیا جانے لگا، علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت پانی چوری کو بے نقاب کردیا۔
رپورٹ کے مطابق پانی چور مافیا نے مین پائپ لائن پر لوہے کی پلیٹ لگا رکھی تھی، دھات کی پلیٹیں لگاس کر علاقے کا پانی بند کرکے پانی فروخت کیا جارہا تھا۔
پانی چور مافیا نے کمرشل صارفین کو پانی دینے کے لیے رہائشی علاقوں کا پانی روکا ہوا تھا، یوپی موڑ پر لائن میں پلیٹ لگانے سے ایک سال سے علاقے کا پانی بند تھا۔
مزید پڑھیں: غیر قانونی ہائیڈرنٹس : ایس ایچ اوز کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے، ایم ڈی واٹر بورڈ
واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں ایم ڈی واٹر بورڈ نے شہر میں پانی چوری اور غیرقانونی ہائیڈرنٹس بند کرانے کے لیے ایڈیشنل آئی جی کو خط لکھ کر مطالبہ کیا تھا کہ ہائیڈرنٹس کے خلاف کارروائی نہ کرنے والے ایس ایچ اوز کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔
خط کے متن میں کہا گیا تھا کہ کراچی میں جہاں بھی پانی چوری اور غیر قانونی ہائیڈرنٹس موجود ہیں، ان غیر قانونی ہائیڈرنٹس کی سرپرستی پر متعلقہ ایس ایچ اوز کیخلاف کاروائی کی جائے، نامعلوم افراد کو چھوڑ کر اپنے ایس ایچ اوز کیخلاف مقدمات درج کرائیں۔
خط میں مزید کہا گیا تھا کہ سپریم کورٹ کے واضح احکامات ہیں کہ غیر قانونی ہائیڈرنٹس نہیں ہونے چاہئیں، گرمیوں کی آمد کے ساتھ ہی گرمیوں میں پانی چوری کرنے والا مافیا سرگرم ہوجاتا ہے۔