کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے شہر قائد کو پانی کی فراہمی کے وقت سے متعلق شہریوں کو آگاہ کر دیا۔
یونیورسٹی روڈ پر 84 انچ ڈایا لائن کا مرمتی کام آخری مراحل میں داخل ہوگیا اور واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پانی کی لائن کا مرمتی کام اگلے 14 گھنٹوں میں مکمل کر لیا جائے گا جس کے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے پانی کی فراہمی شروع ہو جائے گی۔
کارپوریشن کے ترجمان نے بتایا کہ پیر سے شہر میں پانی کی فراہمی شروع ہو جائے گی، چیف انجینئر ڈبلیو ٹی ایم ظفر پلیجو مرمتی کام کی خود نگرانی کر رہے تھے، مرمتی کام میں 300 مزدوروں نے 3 شفٹون میں حصہ لیا جبکہ کام کے دوران ہیوی مشینری بھی سائٹ پر موجود تھی۔
ترجمان کے مطابق مرمتی کام میں تاخیر کی اصل وجہ لائن کی ڈی سیلٹنگ تھی، بڑے پلر بنانے اور زمین میں سوراخ کرنے کیلیے ڈرل مشین چلائی گئی تھی جس کی وجہ سے پانی کی لائن کو 2 مختلف جگہوں سے 16 فٹ کے سوراخ ہوئے، 16 فٹ کے 6 پائپس میں ٹوٹل 96 فٹ تک کنکریٹ جمع ہوگئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ لائن کے اندر سے کنکریٹ کھود کھود کر نکالی گئی ہے، کنکریٹ جمع ہونے کے باعث واٹر کارپوریشن کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، بڑی مشکل سے کنکریٹ کو نکالا ہے لائن کے اندر ہیوی مشینری نہیں جا سکتی تھی۔
واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے مزید بتایا کہ کنکریٹ کو 3 دن سے نکالا جا رہا تھا جس کی وجہ سے مرمتی کام میں تاخیر ہوئی، کنکریٹ کو نکال کر لائن کو اب مکمل صاف کر لیا گیا ہے، لائن کی ڈی سیلٹنگ ہونے سے پانی کی فراہمی میں کافی بہتری آئے گی۔