ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

حب ڈیم میں پانی انتہائی کم رہ گیا، کراچی میں بحران، ٹینکرمافیا نے پنجے گاڑھ لیے

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : حب ڈیم خشک ہونے کے قریب ہے، شہر قائد میں پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا،  شہری پریشانی میں مبتلا ہوکر بوند بوند کو ترس گئے، ٹینکر مافیا کی چاندی ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق سمندر کے کنارے آباد شہر کراچی میں پانی کا بحران مزید سنگین ہوگیا، حب ڈیم نے بھی خطرے کی گھنٹی بجادی ہے، حب ڈیم خشک ہونے کے قریب ہے،ڈیم میں پانی سطح خطرناک حد تک کم ہوگئی۔

اس حوالے سے واٹر بورڈ کا کہنا ہے کہ حب ڈیم میں پانی کی سطح صرف نو انچ رہ گئی ہے جس کے باعث کراچی کے ضلع غربی اور وسطی کو صرف دس روز تک پانی کی فراہمی ممکن ہوسکے گی، واٹر بورڈ کے مطابق اگر بارشیں نہ ہوئیں تو جولائی کے آخری ہفتے میں بیشتر علاقوں میں پانی کی فراہمی مکمل طور پر بند ہوجائے گی۔

پانی کی کمی کی وجہ سے اورنگی ٹاؤن ، بلدیہ، سائٹ، ناظم آباد، محمود آباد، اختر کالونی، ڈیفنس ویو اور دیگر علاقوں میں عوام بوند بوند کو ترس گئے۔

 ، گزشتہ دو ماہ سے پانی کی شدید قلت پر بنارس اور فرنٹیئر کالونی کے رہائشی سڑکوں پر نکل آئے۔ حبیب بینک چورنگی کے قریب سڑک بلاک کردی، جس سے گھنٹوں ٹریفک جام رہا۔

دوسری جانب پانی کے بحران کے بعد ٹینکر مافیا نے اپنے پنجے گاڑھ لیے، ہائیڈرنٹس پر ٹینکرز کی قطاریں لگی ہوئی ہیں،  بلدیہ ٹاؤن میں شہری دن رات قطاروں میں کھڑے رہتے ہیں پھر بھی پانی نہیں ملتا مگر یہی پانی بلیک میں سنگل ٹینکر ڈھائی ہزار روپے میں فروخت ہورہا ہے۔

ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد سمیت ضلع وسطی کے علاقے پانی کی کمی کاشکار ہیں، اورنگی، بلدیہ اور سائٹ والے بھی ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر ہیں، واٹربورڈ کاعملہ مبینہ ملی بھگت سےپانی بیچ رہا ہے۔

سرکاری ہائیڈرنٹس پر پانی نہیں ملتا جبکہ نجی ہائیڈرنٹس پر بلیک میں دھڑلے سے بک رہا ہے۔ عوام کے پاس احتجاج کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا۔ حب ڈیم میں پانی کی سطح ڈیڈ لیول پر آگئی، کراچی کے لیے صرف چند دن کا پانی رہ گیا۔ شہرمیں بڑے بحران کا خطرہ سراٹھانے لگا۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں