جمعہ, جنوری 3, 2025
اشتہار

کوئٹہ کی سرد ہواؤں نے کراچی کا موسم بدل دیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: کوئٹہ کی سرد ہواؤں نے کراچی کا موسم بدل دیا ہے، صبح سویرے موسم کا پارہ 12 پر آ گیا اور شہریوں کو مارچ میں دسمبر کا احساس ہونے لگا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ بارشوں کے بعد کوئٹہ کی سرد ہوائیں سندھ میں داخل ہو گئی ہیں، جس کی وجہ سے شہر کا موسم سرد ہو گیا ہے، کراچی میں سرد ہواؤں کا یہ سلسلہ مزید 3 دن تک جاری رہے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی کا موسم سرد اور خشک رہے گا، کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، اور 20 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے، دن میں درجہ حرارت 23 سے 25 ڈگری تک رہے گا، اور دن میں ہوا 25 سے 30 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی۔

- Advertisement -

دوسری طرف چمن شہر اور گرد و نواح میں گزشتہ روز کی برفباری کے بعد یخ بستہ ہواؤں نے ڈیرے ڈال دیے ہیں، دوبندی کا درجہ حرارت منفی 8، کوژک ٹاپ، خواجہ عمران میں منفی 7، چمن میں منفی 5، قلعہ عبداللہ کا درجہ حرارت منفی 4، گلستان، جنگل پیر علی زئی میں منفی 3 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

اے ڈی سی آر کے عارف کاکڑ کے مطابق کوئٹہ چمن شاہراہ کوژک ٹاپ پر شدید برفباری کی وجہ سے بڑی گاڑیوں کی آمد و رفت روک دی گئی ہے، بڑے ٹرکوں کو ژڑہ بند اور شیلا باغ کے مقام پر روکا گیا ہے، کوئٹہ چمن شاہراہ پر شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

واضح رہے کہ ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور شدید برفباری سے نظام زندگی درہم ہو گیا ہے، خیبر پختون خوا میں بارش اور برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ سے مختلف حادثات میں 17 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، چلاس اور گرد و نواح میں بارش اور برفباری سے رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔

شاہرہ قراقرام کی بندش سے گلگت بلتستان سمیت دیگر علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہے، سوات کے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے، مینگورہ میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا، شانگلہ میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث لنک روڈز بند ہونے سے لوگ محصور ہو گئے ہیں اور کئی علاقوں سے رابطے کٹ گئے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں