کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی میں 15 جولائی کے بعد موسم کے حوالے سے شہریوں کو خبردار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے جون کا موسمیاتی خلاصہ جاری کر دیا، رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں مون سون کا آغاز گزشتہ ماہ چھبیس جون کےبعد ہوا، ملک بھرمیں اوسطاً چوبیس اعشاریہ تیس ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو معمول سے اکتیس فیصد زیادہ رہی۔
رپورٹ میں کہنا تھا کہ جون میں ملک کا اوسط درجہ حرارت بتیس اعشاریہ چار پانچ ڈگری سینٹی گریڈ رہا، جو معمول سے صفر اعشاریہ چار سات ڈگری زیادہ ہے، دن کے وقت زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت انتالیس اعشاریہ صفرنو ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
رات کے وقت اوسط درجہ حرارت پچیس اعشاریہ سات ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے ایک اعشاریہ صفر نو ڈگری زائد رہا۔
مزید پڑھیں : 9 اور 10 محرم کو طوفانی بارشوں کی پیش گوئی
جون کا گرم ترین دن تیرہ جون کوجیکب آباد میں رہا، جہاں درجہ حرارت پچاس اعشاریہ پانچ ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارشوں کا آغاز اگرچہ تاخیر سے ہوا، لیکن مجموعی طور پر بارش اورگرمی دونوں معمول سےزیادہ رہیں۔
محکمہ موسمیات رواں ماہ سے متعلق پہلے ہی پیشگوئی کرچکا ہے جس کے مطابق جولائی میں ملک بھر میں شدید بارشوں کے کئی اسپیل متوقع ہیں اور کراچی میں پندرہ جولائی کے بعد تیز بارشوں کا امکان ہے۔