کراچی:محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 15اپریل کے بعد کراچی کے موسم میں تبدیلی کا امکان ہے جبکہ شہری چند روز ہلکے بادلوں کے ساتھ خوشگوار موسم کے مزے لیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ٹھنڈی ہواؤں اور بادلوں کے باعث درجہ حرارت میں کمی ہوگئی ہے، آئندہ 24گھنٹے میں ہلکے بادل اور ٹھنڈی ہوا جاری رہے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کادرجہ حرارت33 ڈگری سینٹی گریڈہے، ہوامیں نمی کاتناسب38 فیصد ہے۔
یاد رہے گذشتہ ہفتے کراچی میں شدید گرمی کی لہر جاری تھی ، جس نے شہریوں کا برا حال کردیا تھا اور درجہ حرارت 40 ڈگری تک جا پہنچا تھا۔
دوسری جانب اسلام آباد اور راولپنڈی میں گرج چمک کیساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، ملک کے بیشترعلاقوں میں آج مطلع جزوی طورپر ابرآلود رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں کوئٹہ ،قلات ،برکھان سمیت بیشترعلاقوں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
رات گئے راولپنڈی اور اسلام آباد میں گرج چمک کیساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، مالاکنڈ ، ہزارہ، پشاور ، بنوں، کوہاٹ، فاٹا ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواوں ،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کابھی امکان ہے۔
سندھ میں گرمی کا پارہ ہائی ہے، سکھر میں آج درجہ حرارت اکتالیس حیدرآباد اور لاڑکانہ میں چالیس ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ اپریل اورمئی میں بارشیں معمول سے کم ہونے کاامکان ہے جبکہ آندھی اور جھکڑ چلیں گے، آندھی اور جھکڑ سے گندم کی کٹائی اور تھریشنگ متاثر ہوگی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق اپریل اورمئی کے دوران ملک بھرمیں گرمی برقرار رہے گی۔