کراچی: کراچی میں آج موسم خشک، سرد جب کہ صبح اور رات میں خنکی رہے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی شہر میں آئندہ چند روز میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، جب کہ آج موسم خشک اور سرد رہے گا۔
موجودہ درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے، کم سے کم درجہ حرارت 15.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 سے 30 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 50 فی صد ریکارڈ کیا گیا ہے، دوسری طرف کراچی کا فضائی معیار بدستور خراب ہے، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی نویں نمبر پر آ گیا ہے۔
ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق ہوا میں آلودہ زرات کی مقدار 156 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ ہوا ہے، سو سے 200 پرٹیکیولیٹ میٹرز انسانی صحت کے لیے مضر ہے، دو سو سے 300 پرٹیکیولیٹ میٹرز صحت کے لیے خطرناک ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور باہر نکلتے ہوئے ماسک کا استعمال کریں۔
دوسری طرف مصنوعی بارش کے باعث لاہور میں اسموگ میں کمی آ گئی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب نے ایئر کوالٹی انڈیکس فہرست سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری کر دی ہے، لاہور فضائی آلودگی میں چھٹے نمبر پر آ گیا ہے، اور ایئر کوالٹی انڈیکس 189 ریکارڈ کیا گیا ہے۔