کراچی: محکمہ موسمیات نے بارش کے حوالے سے خوش خبری سنائی ہے کہ کراچی میں آج وقفے وقفے سے بوندا باندی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں مطلع ابرآلود اور موسم مرطوب رہے گا، شہر میں سمندری ہوائیں بحال ہو چکی ہیں تاہم کم رفتار سے چل رہی ہیں، جنوب مغرب سے 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
آج کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے، اور موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون ہوائیں سندھ کے جنوب مشرقی علاقوں پر اثر انداز ہو رہی ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے ہلکی بارش ہوئی ہے، جس سے گرمی کی شدت میں کمی آئی، محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کراچی، کوئٹہ، لاہور، اسلام آباد، پشاور سمیت ملک کے بیش تر علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کی پیشگوئی کی ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کا امکان ہے، جب کہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور حبس برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محرم پر رین ایمرجنسی، راولپنڈی اسلام آباد میں موسلادھار بارش
ادھر راولپنڈی اور اسلام آباد میں آج صبح سے وقفے وقفے سے موسلادھار بارش ہو رہی ہے، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے بعد واسا راولپنڈی نے رین ایمرجنسی بھی نافذ کر دی ہے، ترجمان واسا کے مطابق سید پور کے مقام پر ایک گھنٹے میں 80 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، پی ایم ڈی میں 40، شمس آباد میں 20، پیر ودھائی میں 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔