کراچی: شہر قائد میں سمندری ہوائیں بند ہونے سے گرمی کی شدت بڑھ گئی، جس سے شہری بے حال ہو گئے۔
محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے پیش گوئی کی ہے کہ کراچی میں آج (اتوار) درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری ہوائیں دن بھر منقطع رہنے کی توقع ہے جس کے باعث شہر میں تیز دھوپ، گرم اور خشک ہوائیں چلیں گی تاہم شام تک سمندری ہوائیں بحال ہونے سے موسم کی صورتحال بہتر ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ نے بتایا کہ اس سے قبل رات کے وقت کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 25.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا جب کہ اس وقت ہوا میں نمی کی سطح 64 فیصد ہے۔
دریں اثنا، آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم زیادہ تر گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جبکہ آئندہ دو سے تین روز میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔