کراچی: محکمہ موسمیات کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ صبح سویرے گرم اور مرطوب محسوس کیا جا رہا ہے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ہے، گرمی کی شدت 42 ڈگری تک محسوس کی جارہی ہے، جبکہ کراچی کا موسم آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران گرم اور مرطوب رہے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں 2 روز میں پارہ 39 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو سکتا ہے، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
آج سے 2روزکے دوران درجہ حرارت میں ایک سے 2 ڈگری کا اضافہ متوقع ہے، مغربی سمت سے ہوا 13 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں آج شام یارات کے اوقات میں بوندا باندی کا امکان ہے، کراچی میں 18 جولائی سے مون سون ہواؤں کا ایک اور اسپیل داخل ہوگا۔ جبکہ شہر میں 20 جولائی سے تیز بارشیں متوقع ہیں۔
دوسری جانب پرونشل ڈیزاسٹر میجنمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 8 اور 9 محرم الحرام کو پنجاب بھر میں طوفانی بارشوں کے امکانات ظاہر کیے ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں آج رات بھی شدید بارشوں کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے ترجمان نے ہدایت جاری کی ہے ہے کہ محرم کے جلوسوں کی انتظامیہ حفاظتی تدابیر اختیار کرے، بجلی کے کھمبوں اور تاروں سے فاصلہ اختیار کیا جائے۔
کراچی: 8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس، موبائل فون سروس معطل ہونا شروع
پی ڈی ایم اے ترجمان کا کہنا ہے کہ خستہ حال چھتوں کے اوپر محافل کے انعقاد سے گریز کیا جائے اور دریاؤں اور ندی نالوں کی کراسنگ سے ممکنہ حد تک گریز کیا جائے۔