کراچی وائٹس نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایبٹ آباد کو شکست دیتے ہوئے نیشنل ٹی 20 کپ کا فائنل اپنے نام کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی وائٹس نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے فائنل میں ایبٹ آباد کو 9 رنز سے شکست دیتے ہوئے ٹرافی اپنے نام کرلی۔ ایبٹ آباد کی ٹیم 156 رنز کے تعاقب میں 146 رنز بنا سکی۔
ایبٹ آباد کے اعتزاز حبیب43 رنز بناکر نمایاں رہے۔ اس کے علاوہ شکست خوردہ ٹیم کی جانب سے فخرزمان 19 اور کامران غلام 12 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔
کراچی کی جانب سے شاہنواز دہانی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، انور علی اور داشن عزیز نے 2، 2 بیٹرز کو پویلین بھیجا۔
نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے حتمی مقابلے میں کراچی وائٹس نے ایبٹ آباد کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسے 156 رنز کا ہدف دیا تھا۔
کراچی وائٹس کے خرم منظور 53 اور عمیر بن یوسف نے 36 رنز بناکر نمایاں رہے۔ دانش عزیز نے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔ ایبٹ آباد کی جانب سے شہاب خان نے 4، عادل اور فیاض نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔